advertisement

An Introduction To Imran Series Characters عمران سیریز کے کرداروں کا مختصر تعارف

November 8, 2013

Table of Contents

علی عمران

عمران سیریز کا مرکزی کردار، علی عمران، ایک ایسا کھلنڈرا اور شریر انسان ہے جسے اپنے ملک سے بہت محبت ہے اور وہ اس کی خلاف کسی بھی قسم کی سازش برداشت نہیں کر سکتا۔ عمران نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی ہے۔ لندن میں قیام کے دوران ہی سر رحمان کے انگریز دوست جو پولیس آفیسر تھے، نے عمران کو کرمنالوجی کی طرف راغب کیا۔ اس کے والد سر رحمان سنٹرل انٹیلی جنس کے سربراہ ہیں لیکن ان کے اپنے بیٹے عمران سے مختلف امور پر شدید اختلافات ہیں۔ جس کی وجہ سے عمران گھر چھوڑ دیتا ہے اور اپنے نوکر سلمان کو ساتھ علیحدہ رہائش اختیار کر لیتا ہے۔
عمران نے کچھ کیس حل کئے تھے جن کے بعد سر سلطان نے عمران کو سیکرٹ سروس کا چیف مقرر کیا عمران اپنی لا ابالی طبیعت سے واقف تھا اسی لئے عمران نے ایکس ٹو کا عہدہ تخلیق کیا۔تاکہ اس کا عملہ اس سے ڈرتا رہے۔
علی عمران مارشل آرٹ، سنگ آرٹ (ایسا آرٹ جس سے فائرنگ سے بچا جا سکتا ہے)، جمناسٹک اور میک اپ کا ماہر ہے۔ عمران کسی بھی انسان کی آواز کی نقل صرف ایک بار آواز سن کر اتار لینے پر قادر ہے۔ مارشل آرٹ میں عمران نے کئی نئے داؤ ایجاد کیے ہیں۔ پانچ وقت کا نمازی نہایت پاکباز نوجوان ہے

بلیک زیرو

بلیک زیرو سیکرٹ سروس کا سب سے اہم رکن ہے جو کہ جانتا ہے کہ عمران ہی ایکسٹو ہے۔ بلیک زیرو عمران کی غیر موجودگی میں ایکسٹو کا کردار نبھاتا ہے۔ عمران نے ایکسٹو کے متعلق شکوک و شہبات مٹانے کے لیے بلیک زیرو کو ڈمی ایکسٹو بنا رکھا تھا۔ ابتدائی ناولز میں بلیک زیرو ٹیم کے ساتھ مشن پر جاتا رہا ہے۔ مگر بعد میں عمران نے بلیک زیرو کو ساتھ لے جانا چھوڑ دیا تاکہ بیرون ملک مشن کے دوران کوئی ایمرجنسی صورتحال ہو تو اس کو سنبھالا جا سکے۔ بلیک زیرو عموماً دانش منزل میں ہی رہتا ہے دانش منزل سکیرٹ سروس کا ہیڈ کوارٹر ہے جہاں ایکسٹو بیٹھتا ہے اس کو فیلڈ میں کام کرنے کا موقع بہت کم ملا مگر جب بھی بلیک زیرو کو موقع ملا اس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔ مارشل آرٹ کا نہایت ماہر ہے اسے عمران نے سپریم فائٹر کا خطاب دیا ہے

جولیانا فٹز واٹر /جولیا

جولیا ایک سوئس نژاد لڑکی ہے۔ جس نے پاکیشا کی شہریت اختیار کر رکھی ہے۔جولیا مسلمان ہے۔ جولیا سیکرٹ سروس کی ڈپٹی چیف ہے۔ اس کی ایکسٹو کو دیکھنے کی ہمیشہ خواہش رہی ہے مگر ایکسٹو سے خوفزدہ رہتی ہے۔ جولیا عام طور پر بہت جلد جذبات میں آ جاتی ہے جس پر نے عمران بطور ایکسٹو اس کو کئی بار خاصی جھاڑ پلائی۔ جولیا اپنے دل میں عمران کے لیے پسندیدگی کے جذبات رکھتی ہے۔ مگر عمران اس کی ہر بات کو مذاق میں اڑا دیتا ہے۔ چند ایک مشنز میں دشمنوں نے
جولیا کے ذہن کو کنٹرول کر کے مشن مکمل کرنے کی کوشش بھی کی۔

صفدر سعید

صفدر سیکرٹ سروس کا سب سے زیادہ ایکٹو ممبر ہے اور عمران فیلڈ میں سب سے زیادہ صفدر پر اعتماد کرتا ہے۔ صفدر ایک کم گو انسان ہے اور عموماً سجنیدہ رہتا ہے۔ صفدر عمران کی دل سے عزت کرتا ہے اور اسے یقین رکھتا ہے کہ عمران کے پاس بھی ایکسٹو سے کم صلاحیتیں نہیں ہیں۔ عمران بھی صفدر کی عزت کرتا ہے۔ عمران اکثر مذاق میں صفدر کو خطبہ نکاح یاد کرنے پر اکساتا رہتا ہے۔ صفدر کو ایکسٹو کی طرف سے سپر ایجنٹ کا خطاب ملا ہے

تنویر اشرف

تنویر سیکرٹ سروس کا واحد ممبر ہے جو عمران سے جیلس ہوتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ تنویر جولیا کے بارے دل میں پسندیدگی کے جذبات رکھتا ہے اور جولیا عمران کے بارے پسندیدگی کے جذبات رکھتی ہے۔تنویر عمران سے جتنا بھی جیلس ہو لیکن عمران کو ہلکی بھی تکلیف ہو تنویر تڑپ اٹھتا ہے۔ تنویر کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ اس میں صبرو تحمل کا فقدان ہے اور بہت زیادہ جذباتی انسان ہے۔ ملٹری انٹیلی جنس میں رہنے کی وجہ سے تنویر بات کرنے سے زیادہ ہاتھ چلانے پر تیار رہتا ہے۔ وہ ڈائریکٹ اور تیزرفتار ایکشن کا قائل ہے۔ عمران عموماً تنویر کا مذاق اڑاتا رہتا ہے اور رقیب رو سفید کے نام سے تنگ کرتا ہے۔ جس پر تنویر نے کئی موقع پر غصے میں آ کر عمران پر حملہ کر دیا مگر عمران اپنی پھرتی کی وجہ سے بچ نکلا۔ تنویر کو ایکسٹو کی طرف سے ڈیشنگ ایجنٹ کا خطاب ملا۔

کیپٹن شکیل

کیپٹن شکیل سپاٹ چہرے کا مالک ہے اس کا چہرہ قدرتی طور پر ہر قسم کے جذبات سے عاری ہے۔ جس کی وجہ سے اس پر میک اپ کا گمان ہوتا ہے۔ اسی لیے شروع میں سیکرٹ سروس کے ممبران یہ سمجھتے رہے کہ شکیل اصل میں ایکسٹو ہے۔مشن کے دوران عمران کے ذہن میں جو پلاننگ ہوتی ہے وہ اندازے سے کیپٹن شکیل پڑھ لیتا ہے۔ کیپٹن شکیل ملٹری انٹیلی جنس سے ٹرانسفر ہو کر سیکرٹ سروس میں آیا۔ کیپٹن شکیل نے کچھ عرصہ نیوی میں بھی کام کیا جس کی وجہ سے سمندروں کے متعلق اس کی معلومات کافی زیادہ ہیں۔ شکیل کو ایکسٹو کی طرف سے پاور ایجنٹ کا خطاب ملا۔

صالحہ

صالحہ سیکرٹ سروس کی ایک با صلاحیت اور سب سے جونئیر ممبر ہے۔ اس کے والد کا ہوٹلوں کا بہت بڑا کاروبار ہے۔ ابتدا میں ملٹری انٹیلی جنس کے چیف نے صالحہ اور اس کے ساتھیوں پر مشتمل پنک فورس قائم کی۔ پنک فورس اپنے ابتدائی مشن میں ہی ناکام ہو گئی۔ اور صالحہ کے علاوہ پنک فورس کی تمام ممبر ہلاک ہوں گئیں جس پر ایکسٹو نے صالحہ کو سیکرٹ سروس میں شامل کر لیا۔ صالحہ اور صفدر ایک دوجے کے بارے دل میں نرم گوشہ رکھتے ہیں

فور سٹارز

پاکیشا سیکرٹ سروس کے ارکان نے سماجی برائیوں اور مقامی بدمعاشوں سے مقابلے کے لیے فور سٹار نامی تنظیم بنائی۔ یہ تنظیم براہ راست ایکسٹو کے انڈر ہے۔ اس کے چار ارکان ہیں

صدیقی

صدیقی فور سٹارز کا چیف ہے۔ صدیقی ایک سنجیدہ انسان ہے اور بازی گروں کی طرح کڑوں میں سے ہاتھ نکالنے اور راڈز والی کرسیوں سے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چوہان

چوہان سیکرٹ سروس کا ایک ذہین ممبر ہے اور یہ فور سٹارز کا بھی رکن ہے۔ چوہان کی پھرتی قابلِ دید ہے۔ اس نے کئی مشنز میں پھینکے جانے والے بموں کو کیچ کر کے واپس پھینک کر اپنی پھرتی کا ثبوت دیا۔

خاور

خاور ایک حاضر جواب اور اچھی حس مزاح رکھنے والا انسان ہے۔ جب بھی اسے عمران کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اس نے عمران کے کان خوب کاٹے۔

نعمانی

نعمانی فورسٹار کا رکن ہے یہ کمپیوٹر ماسٹر اور مشینی جوئے کا ماہر ہوتا ہے نہایت مجبوری کی حالت میں جب بیرون ممالک سیکرٹ سروس کو اسلحے کی ضرورت پڑتی ہے تو نعمانی کسی بھی مشینی جوئے والے کلب میں سے چند منٹوں میں لاکھوں ڈالرز جیت لاتا ہے
سر سلطان پاکیشا کے سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹ سروس کے انتظامی انچارج ہیں۔ وہ گنتی کے ان چند کرداروں میں سے ہیں جو ایکسٹو کی اصلیت کو جانتے ہیں۔ عمران نے ایک کیس حل کرنے میں سر سلطان کی مدد کی جس پر سر سلطان نے عمران کی صلاحیتوں سے متاثر ہو کر سیکرٹ سروس کا چیف مقرر کیا۔ سر سلطان عمران کے والد کے بہت پرانے دوست ہیں اور عمران سے بہت پیار کرتے ہیں مگر کئی بار عمران کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے اس سے ناراض ہو گئے۔

ٹائیگر / رضوان / عبدالعلی

ٹائیگر علی عمران کا جوڈو، مارشل آرٹ، سنگ آرٹ، میک اپ اور آواز کی نقل کرنے میں شاگرد ہے۔ وہ ایک سنجیدہ شخص ہے اور اپنی خصوصیات کی وجہ سے پاکیشا کا دوسرا عمران جانا جاتا ہے۔ اس کا اصل نام عبدالعلی ہے اور رضوان کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ چونکہ وہ عام طور پر انڈر ورلڈ میں کام کرتا ہے اس لیے انڈر ورلڈ میں ٹائیگر کے نک نیم سے جانا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹائیگر نے بلیک کوبرا کے نام سے بھی اپنی شخصیت کو متعارف کروایا ہوا ہے جو کبھی اصلی شکل میں کسی کے سامنے نہیں آیا۔ ٹائیگر سیکرٹ سروس کا رکن نہیں ہے بلکہ وہ اپنے باس عمران کو جواب دہ ہے۔ بنیادی طور پر ٹائیگر ایک سائسندان ہے۔ جو ایکریمیا کی ایک لیباٹری میں کام کرتا تھا۔ ایک تجربے کے غلطی کی وجہ سے ریز ڈی چارج ہو گئیں جن کی زد میں ٹائیگر بھی آ گیا۔ جس کا اس کے اعصاب پر اثر پڑا اور اسے تشخنج کی طرح جھٹکے لگنے لگے۔ ایک سائنس کانفرنس میں کسی تھیوری کی بحث کے دوران ٹائیگر کا عمران سے ٹکراؤ ہوا۔ عمران نے ٹائیگر کی بیماری کا علاج کیا جس پر ٹائیگر عمران کے پیچھے پاکیشا آ گیا اور عمران سے اپنی فیلڈ میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ آخر کافی منتوں کے بعد عمران نے ٹائیگر کو شاگرد بنا لیا اور مسلسل تین سال تک اسے تربیت دی۔ پھر ٹائیگر نے عمران کے لیے معلومات اکٹھی کرنے کے لیے انڈر ورلڈ میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔
عمران سیریز کے ان ناولز میں ٹائیگر نے اہم رول ادا کیا
روزی راسکل مشن، ٹائیگر ان ایکشن، بلیک ہیڈ، بلیو برڈ گروپ، ایکشن گروپ، گرین گارڈ، گولڈن کراس

جوزف موگونڈا

جوزف ایک دیو قامت افریقی ہے۔ جوزف ہیوی ویٹ چیمپئن بھی رہ چکا ہے۔ ایک کیس میں اس کا عمران سے ٹکراؤ ہوا اور عمران نے اس کو ایک گواہ کے طور پر اپنے پاس ٹھہرا لیا۔ اس کے بعد مستقل عمران کے ساتھ ہی رہنے لگا۔ ابتدا میں جوزف عمران کے ساتھ فلیٹ میں ہی رہتا تھا مگر بعد میں عمران نے اس کو رانا ہاؤس منتقل کر دیا۔ جوزف عمران کو اپنا آقا مانتا ہے اور عمران کا حکم غلاموں کی طرح مانتا ہے۔ جوزف اپنی زندگی کے ابتدائی ایام جنگلوں میں گزار چکا ہے جس کی وجہ سے جنگلوں کے بارے میں اس کی معلومات کافی وسیع ہیں اور عمران کے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں۔ جب عمران پرنس آف ڈھمپ کے روپ میں کہیں جاتا ہے تو جوزف کے ساتھ سیکٹریری اور باڈی گارڈ کے طور پر جاتا ہے۔ جوزف بلا نوش تھا شراب کو پانی کی طرح پیتا تھا مگر بعد میں شراب پینی چھوڑ دی۔

جوانا

جوانا دیو ہیکل نیگرو ایکریمین ہے۔ جوانا ایک قاتل تنظیم “ماسٹر کلر” کا رکن تھا جو دنیا کے مشہور مشہور لوگوں کو قتل کرتی تھی۔ ماسٹر کلر کو عمران کو قتل کرنے کا ٹاسک ملا۔ جس پر جوانا پاکیشا آ گیا یہاں عمران کے مقابلے میں تنظیم ختم ہو گئی صرف جوانا زندہ بچا عمران نے اس کو لڑائی میں شکست تھی جس پر جوانا نے عمران کے پاس ہی رہنے پر اصرار کیا عمران کے انکار پر جوانا نے خود کشی کی کوشش کی جس پر عمران نے مجبوراً اس کو اجازت دے دی۔ جب عمران پرنس آف ڈھمپ کے روپ میں کہیں جاتا ہے تو جوانا جوزف کے ساتھ باڈی گارڈ کے طور پر جاتا ہے۔ جوانا مارشل آرٹ کا ماہر ہے۔

سلیمان

عمران ایک فلیٹ پر اپنے باورچی اور ہاوس کیپر سلیمان کے ساتھ رہتا ہے۔ عمران کھانے کے لیے اکثر سلیمان کی منتیں کرتا رہتا ہے۔ جب عمران کے والد سر رحمان نے عمران کو گھر سے نکالا تو سلیمان بھی عمران کے ساتھ ہی آ گیا۔ سلیمان کے ساتھ عمران کی فقرے بازی بڑی دلچسپ ہوتی ہے۔ عمران اکثر یہ کہتا رہتا ہے کہ سلیمان صرف مسور کی دال ہی پکا کر دیتا ہے۔ سلیمان بھی جانتا ہے کہ عمران ایکسٹو ہے۔ سلیمان کئی دفعہ عمران اور بلیک زیرو کی غیر موجودگی ایکسٹو کا رول نبھا چکا ہے۔

سوپر فیاض /کیپٹن فیاض

سوپر فیاض سنٹرل انٹیلی جنس کا سپریڈنٹ اور عمران کا دوست ہے۔ عمران اکثر کیسوں میں اس کی مدد کرتا رہتا ہے۔ عمران جس فلیٹ میں مقیم ہے وہ بھی سوپر فیاض کی ملکیت ہی ہے۔ عمران فیاض کی کیسوں میں مدد کر کے اس سے پیسے بٹورتا رہتا ہے۔ اگر فیاض انکار کرے تو عمران اس کے خفیہ اکاؤنٹوں کے بارے میں اسے بلیک میل کرتا ہے اور فیاض سے بٹورے جانے والے پیسے عمران غریبوں اور محتاجوں میں بانٹتا ہے

سرداور

سرداور ملک کی سب سے اہم اور خفیہ لیبارٹری کے انچارج ہیں بہت ہی منجھے ہوئے سائنسدان ہیں

روزی راسکل

ٹائیگر کی طرح یہ بھی انڈر ورلڈ میں ہوتیں ہیں اور بہت شوق سے خود راسکل کہلواتی ہیں انھیں بھی لڑائی بھڑائی کا بہت شوق ہے۔ایک مضبوط کردار کی لیکن تھوڑی سے جذباتی لڑکی جو کہ ٹائیگر کے بارے دل میں پسندیدگی کے جذبات رکھتی ہے لیکن ٹائیگر ان سے اتنا ہی دور بھاگتا ہے روزی نے ایک دو مشن میں سیکرٹ سروس کی مدد بھی کی ہے

سر رحمان

سر رحمان عمران کے والد اور سنٹرل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل ہیں۔ وہ ایک سخت شخصیت ہیں وہ عمران کو کسی مقامی یونیورسٹی میں پروفیسر بنانا چاہتے تھے۔ جب عمران انٹیلی جنس میں سپیشل آفیسر کے طور پر بھرتی ہوا تو وہ بہت اپ سیٹ ہوئے۔ پھر جلد ہی عمران کے کام کرنے کے طریقہ کار سے اختلاف کرتے ہوئے اسے انٹیلی جنس سے نکال دیا۔ اور پھر بعد میں عمران کی عادتوں سے تنگ آ کر اسے گھر سے نکال دیا۔ سر رحمان عمران سے بہت محبت کرتے ہیں مگر اپنی ضد کی وجہ سے اس کا اظہار نہیں کرتے

اماں بی

اماں بی عمران کی والدہ، ایک مشرقی گھریلو ٹائپ خاتون ہیں۔ وہ عمران سے بہت محبت کرتیں ہیں اور اگر عمران کافی عرصے بعد انہیں ملنے جائے تو جذباتی ہو جاتی ہیں اور عمران کے سر پر جوتے برسانا شروع کر دیتی ہیں۔

ثریا

ثریا عمران کی چھوٹی بہن ہے۔ وہ اپنے والد کی طرح سخت رویہ کی حامل ہے۔ عمران کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے عمران کے ساتھ خوب غصے کا اظہار کرتی ہے۔ عمران ثریا سے بھی بہت محبت کرتا ہے مگر ساتھ ساتھ اس کو تنگ بھی خوب کرتا ہے۔

No Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *